جون 11, 2026

موبی لنک بینک اور اگنائٹ کے اشتراک سے سیالکوٹ میں نیشنل انکیوبیشن سینٹر کے قیام کا اعلان

اسلام آباد،  وزارتِ آئی ٹی اینڈ ٹیلی کمیونیکیشن (MoITT) کے تحت کام کرنے والے ادارے اِگنائٹ (Ignite) نے موبی لنک بینک کی قیادت میں قائم کنسورشیم کے ساتھ ایک معاہدے پر دستخط کیے ہیں جس میں سائبر وژن انٹرنیشنل بھی شامل ہے۔ اس اشتراک کے تحت نیشنل انکیوبیشن سینٹر (این آئی سی) سیالکوٹ کو قائم اور فعال کیا جائے گا۔ اس اقدام کا مقصد پاکستان کے جدید اور کاروباری نظام کو مزید مستحکم بنانا ہے۔

اس شراکت داری کا بنیادی عزم یہ ہے کہ سیالکوٹ میں ٹیکنالوجی پر مبنی اسٹارٹ اپس اور جدید کاروباری منصوبوں کے لیے ایک خصوصی پلیٹ فارم قائم کیا جائے۔ سیالکوٹ پاکستان کے اہم صنعتی اور برآمدی مراکز میں شمار ہوتا ہے۔

اس معاہدے کی تقریب اسلام آباد میں وزارتِ آئی ٹی اینڈ ٹیلی کمیونیکیشن میں منعقد ہوئی، جس میں وزارت کے اعلیٰ حکام، اِگنائٹ اور موبی لنک بینک کے سینئر نمائندوں نے شرکت کی۔

اس موقع پر وفاقی وزیر برائے آئی ٹی اینڈ ٹیلی کمیونیکیشن شزا فاطمہ خواجہ نے کہا، ''این آئی سی سیالکوٹ کا قیام وزیراعظم شہباز شریف کے ڈیجیٹل نیشنل پاکستان وژن کی عکاسی کرتا ہے۔ حکومت اپنا کاروبار کرنے والے نوجوانوں کو جدید وسائل اور بہتر مواقع فراہم کر کے ملک بھر میں جدید اور ڈیجیٹل انٹرپرینیورشپ کے فروغ کے لیے نہایت پرعزم ہے۔''

سیالکوٹ دنیا بھر میں اسپورٹس کا سامان، سرجیکل آلات، چمڑے کی مصنوعات اور موسیقی کے ساز و سامان کی صنعتوں کے لیے معروف ہے، یہ شہر ای کامرس اور ڈیجیٹل ایکسپورٹس کے ایک اہم مرکز کے طور پر بھی ابھر کر سامنے آیا ہے۔ این آئی سی سیالکوٹ رہنمائی و تربیت، بزنس ڈویلپمنٹ سروسز، سرمایہ کاروں سے رابطے، مارکیٹ تک رسائی اور نیٹ ورکنگ کے ذریعے ہر سال تقریباً 25 اسٹارٹ اپس کو معاونت فراہم کرکے انکی کاروباری صلاحیت کو مزید مستحکم کرے گا۔ این آئی سی سیالکوٹ کا اقدام حکومت کے اس وژن سے ہم آہنگ ہے جس کے تحت بڑے شہروں سے باہر بھی انوویشن انفراسٹرکچر کو وسعت دی جائے، اور اسکے نتیجے میں کاروبار، جدید ٹیکنالوجی کے استعمال، آمدن اور برآمدات بڑھانے کے نئے مواقع پیدا کئے جائیں۔

Eng Caption_NIC Sialkot.jpeg

اِگنائٹ کے سی ای او محمد بلال عباسی نے کہا، '' این آئی سی سیالکوٹ پاکستان کے اسٹارٹ اپ ایکو سسٹم کو مضبوط بنانے کی جانب ایک اہم سنگ میل ہے۔ یہ مرکز کاروبار کرنے والے افراد کو اپنے جدید آئیڈیا کو عملی شکل دے کر بڑے پیمانے پر کامیاب کاروبار میں تبدیل کرنے میں مدد دے گا جبکہ ٹیکنالوجی کے استعمال میں اضافے، صنعتی پیداوار اور برآمدی مسابقت کو بھی فروغ دے گا۔''

نیشنل انکیوبیشن سینٹر (این آئی سی) سیالکوٹ کا مقصد مقامی کاروباری افراد کو عالمی کمپنیوں کے شانہ بشانہ چلنے میں مدد فراہم کرنا ہے۔ انکیوبیشن پروگرام کے افتتاحی بیچ (Cohort 1) کے لیے باضابطہ درخواستیں جمع کرانے کا سلسلہ شروع ہو چکا ہے۔درخواست این آئی سی سیالکوٹ کی ویب سائٹ پر موجود لنک پر جمع کروائی جا سکتی ہے۔

موبی لنک بینک کے صدر اور سی ای او حارث محمود چوہدری نے کہا، ''پاکستان کی معاشی مضبوطی صرف چند شہروں تک محدود نہیں ہونی چاہیے بلکہ ملک بھر میں چھوٹے کاروباروں تک ترقی کے مواقع پہنچنے چاہئیں۔ موبی لنک بینک اس بات پر یقین رکھتا ہے کہ جدت سب کے لیے قابلِ رسائی ہو اور یہ مقامی کاروباری حالات کے ساتھ بھی منسلک ہو۔  این آئی سی سیالکوٹ کے ذریعے ہم کاروباری افراد کو رہنمائی، ڈیجیٹل ٹولز، مالی سہولیات اور مارکیٹ تک رسائی فراہم کر رہے ہیں تاکہ وہ اعتماد کے ساتھ اپنے کاروبار کو وسعت دے سکیں۔''

اگرچہ یہ مرکز تمام شعبوں کے اسٹارٹ اپس کے لیے ہے، لیکن خاص طور پر سیالکوٹ کی صنعتی مہارت سے جڑے شعبوں جیسے اسپورٹس ٹیکنالوجی، طبی و سرجیکل ٹیکنالوجی، مینوفیکچرنگ میں جدت، ای کامرس، برآمدات کو فروغ دینے والی سہولیات اور نئی ڈیجیٹل انڈسٹریز کو ترجیح دی جائے گی۔ اس کے علاوہ مصنوعی ذہانت (اے آئی)، انڈسٹری 4.0، جدید مینوفیکچرنگ، اسمارٹ سپلائی چینز، ہیلتھ ٹیکنالوجیز اور ڈیجیٹل کامرس جیسے تیزی سے پھیلنے والے شعبوں میں بھی جدت کی حوصلہ افزائی کی جائے گی۔

نیشنل انکیوبیشن سینٹر (این آئی سی) پاکستان کا اہم ترین ٹیکنالوجی انکیوبیشن اور ایکسیلیریشن اقدام ہے، جس کی مالی معاونت وزارتِ آئی ٹی اینڈ ٹیلی کمیونیکیشن اور اِگنائٹ نیشنل ٹیکنالوجی فنڈ کرتے ہیں۔ ملک بھر میں اس کے سات علاقائی مراکز، نجی شعبے کے نمایاں افراد و اداروں، جامعات اور عالمی اداروں کے اشتراک سے سرگرم ہیں۔

کوئی تبصرے نہیں:
Write comments

مشہور اشاعتیں

گوگل اشتہار

تازہ ترین خبریں