اپریل 11, 2026

سپر نیٹ ٹیکنالوجیز کی ذیلی کمپنی کا ملک کے معروف بینک کے ساتھ ملٹی ملین ڈالر کا سائبر سیکیوریٹی معاہدہ

کراچی: سپرنیٹ ٹیکنالوجیز لمیٹڈ نے پاکستان کے مالیاتی خدمات کے شعبہ میں اپنی موجودگی کو مضبوط بناتے ہوئے اپنی ذیلی کمپنی سپرنیٹ سیکیورسلوشنز(پرائیویٹ) لمیٹڈ کے ذریعے ایک معروف بینک کے ساتھ ملٹی ملین ڈالر کا سائبر سیکیوریٹی معاہدہ کیا ہے۔

 

سپرنیٹ سیکیورسلوشنز نے پاکستان کے بڑے بینکوں میں سے ایک بینک کے ساتھ 5سالہ معاہدہ کیا ہے۔ 2021میں کیے گئے 5سالہ معاہدے کی کامیاب تکمیل کے بعد مسلسل دوسری مرتبہ معاہدہ دونوں اداروں کے درمیان طویل المدّتی کاروباری تعلقات کے تسلسل کی عکاسی ہے۔

 

نئے معاہدے کے تحت سپرنیٹ سیکیورسلوشنز،بینک کے ڈیجیٹل انفرااسٹرکچر کو مضبوط کرنے کیلئے زیادہ جدید اوراپ گریڈڈ سائبر سیکیوریٹی سلوشن فراہم کرے گی۔

 اس منصوبہ کے تحت اینڈ پوائنٹ سیکیوریٹی سسٹمز نافذ کیے جائیں گے جو ملک بھر میں بینک کے 10ہزار سے زائد ملازمین کے ڈیجیٹل ماحول کو تحفظ فراہم کریں گے واضح رہے کہ یہ شعبہ مالیاتی اداروں کیلئے سائبررسک کے حساس ترین پہلوؤں میں شمار کیا جاتاہے۔

 

کمپنی کے مطابق ملٹی ملین ڈالر کا معاہدہ اگلے 5سالوں میں اس کے سائبر سیکیوریٹی ریونیوپائپ لائن میں نمایاں اضافہ کرے گا۔

 

اس معاہدہ کے علاوہ سپرنیٹ سیکیورسلوشنز پہلے ہی اس بینک کے ساتھ 3سالہ خصوصی رسائی کے انتظام کے سلوشن (Privileged Access Management)پر کام کررہی ہے جبکہ کمپنی ماضی میں بھی بینک کے بین الاقوامی آپریشنز کیلئے مختلف سائبر سیکیوریٹی خدمات فراہم کرچکی ہے۔

 

انڈسٹری مبصرین کے مطابق اس طرح کے معاہدوں کی تجدید نہ صرف کلائنٹ کے ساتھ مضبوط اور دیرپا تعلق کی عکاسی ہیں بلکہ پاکستان کے بینکنگ سیکٹر میں ڈیجیٹلائزیشن کے فروغ اور سائبرخطرات کے پیشِ نظر جدید سائبر سیکیوریٹی سلوشنز کی بڑھتی ہوئی طلب کو بھی ظاہرکرتے ہیں۔

 

کمپنی کے مطابق نئے معاہدے کے مالیاتی اثرات پورے معاہدے کی مدّت کے دوران مثبت رہنے کی توقع ہے جو اس کی طویل المدّتی ترقی کی حکمتِ عملی کو مزید تقویت دیں گے۔ یہ پیش رفت ایک ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب سپر نیٹ ٹیکنالوجیز ہائی ویلیو ڈیجیٹل انفرااسٹرکچر اور سائبر سیکیوریٹی کے شعبوں میں اپنی موجودگی کو تیزی سے بڑھارہی ہے اور خود کو انٹر پرائز اور مالیاتی شعبے کے کلائنٹس کیلئے ایک اہم ٹیکنالوجی پارٹنر کے طورپر مستحکم کررہی ہے۔

کوئی تبصرے نہیں:
Write comments

مشہور اشاعتیں

گوگل اشتہار

تازہ ترین خبریں