اکتوبر 27, 2025

ایمریٹس کے40 سالہ فضائی آپریشنز کی تکمیل پر کراچی میں تقریب، پریمیئم اکانومی کلاس کیلئے اپ گریڈ شدہ بوئنگ طیارے کی نمائش

کراچی : دنیا کی سب سے بڑی بین الاقوامی ایئرلائن، ایمریٹس نے 40سال قبل کراچی کے لئے اپنی پہلی پرواز EK600 کا آغاز کیا۔ اس تاریخ ساز موقع کی یاد میں ایمریٹس نے آج کراچی کے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر اپنے  جدید سہولیات سے مزین اپ گریڈ شدہ  بوئنگ 777 طیارے کی خصوصی نمائش کی، جس میں نئی پریمیئم اکانومی کلاس شامل ہے۔ یہ تقریب ایئرلائن کے پاکستان میں فضائی آپریشنز کے 40 سال مکمل ہونے کی خوشی میں منعقد کی گئی۔ اس خصوصی تقریب میں ایوی ایشن اور ٹریول انڈسٹری سے وابستہ اہم حکام، وی آئی پیز اور ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کو ایمریٹس کے جدید سہولیات سے آراستہ چار کلاسز والے طیارے کا خصوصی دورہ کرایا گیا، جس میں انہیں جہاز کی حالیہ نئی خصوصیات اور خدمات سے روشناس کرایا گیا۔

یہ خصوصی پرواز، EK600، صبح بوقت10:45پرکراچی پہنچی، تاکہ اس جہاز میں موجود پریمیئم اکانومی کیبن سے مہمانوں کا براہِ راست معائنہ کرایا جائے، یہ نئی کلاس ایمریٹس کے بڑھتے ہوئے بین الاقوامی نیٹ ورک کی متعدد پروازوں میں دستیاب ہے۔ اس موقع پر تقریب میں متحدہ عرب امارات کے قونصل جنرل بخیت عتیق الرمیثی، سمیت مقامی ایئرپورٹ اور سول ایویشن حکام اور دیگر معزز شخصیات بھی شریک تھیں۔ اس تقریب میں میزبانی کے فرائض ایمریٹس کے نائب صدر برائے پاکستان، محمد الہاشمی نے سرانجام دیئے۔



اس موقع پر محمد الہاشمی نے کہا، "کراچی ایمریٹس کی تاریخ میں ایک منفرد مقام رکھتا ہے کیونکہ یہ ہماری پہلی بین الاقوامی منزل تھی جہاں ایمریٹس نے دبئی سے اپنی افتتاحی پرواز روانہ کی۔ گزشتہ 40 سالوں کے دوران پاکستان کو دنیا سے جوڑنے، کاروباروں، مسافروں اور لوگوں کی معاونت کرنے پر ایمریٹس فخر کرتا ہے۔ پاکستان سے اپنے مضبوط تعلق کے عزم کے ساتھ ہم نے ملک کے ایوی ایشن سیکٹر اور معیشت کی ترقی میں نمایاں کردار ادا کیا ہے اور روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے میں بھی بھرپور حصہ لیا ہے۔"

انہوں نے مزید کہا، "سال  1985 میں آغاز کے بعد سے  ایمریٹس ایئرلائن ایک عالمی فضائی قوت کے طور پر ابھری ہے، جس کا وسیع نیٹ ورک، طیاروں کا جدید بیڑہ اور عالمی معیار کی سروس کے عزم نے اسے منفرد مقام دلایا ہے۔ مستقبل کی ضروریات کے پیش نظر اور بدلتے ہوئے سفری رجحانات کے مطابق ہم  اپنے مسافروں کے تجربے کو مزید بہتر بنانے کے لیے کوشاں ہیں، اور امید رکھتے ہیں کہ جلد ہی کراچی کے لیے اپنی ایوارڈ یافتہ پریمیئم اکانومی کلاس متعارف کرائیں گے۔ ایمریٹس کی پریمیئم اکانومی نے اُن مسافروں کے لیے سفر کے انداز کو یکسر بدل دیا ہے جو اپنے فضائی سفر میں زیادہ آرام اور معیار کے متلاشی ہیں۔ ہم اس سہولت کو بتدریج اپنے عالمی نیٹ ورک کے مزید اہم مقامات تک وسعت دینے کے خواہاں ہیں تاکہ ہمارے مسافر بہتر سفری تجربے اور سفر کی لاگت کے عوض بہترین سہولیات سے لطف اندوز ہو سکیں۔"

پاکستان کے ساتھ 40 سالہ کامیاب اشتراک

گزشتہ چالیس برسوں میں ایمریٹس نے دبئی اور کراچی کے درمیان 87 ہزار سے زائد پروازیں چلائیں، جن کے ذریعے 1 کروڑ 90 لاکھ سے زائد مسافر سفر کر چکے ہیں۔ مزید برآں، ایئرلائن نے مجموعی طور پر پاکستان کے پانچ شہروں میں 1 لاکھ 46 ہزار پروازوں کے ذریعے 3 کروڑ 60 لاکھ سے زیادہ مسافروں کو سفری خدمات پیش کیں۔

مسافروں کے سفر اور سیاحت کے فروغ کے ساتھ ساتھ، ایئرلائن پاکستان سے آمد و رفت میں سالانہ 73ہزار ٹن سے زائد کارگو بھی منزل مقصود پر پہنچاتی ہے، جو برآمدات و درآمدات کی ترسیل کے ذریعے تجارت کے فروغ میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ ایمریٹس کو پہلی پرواز سے آمدنی صرف کارگو سروس سے حاصل ہوئی تھی، کیونکہ افتتاحی پرواز میں تمام مسافروں کو مفت سفر کی سہولت فراہم کی گئی تھی۔



ایمریٹس کراچی کوروزانہ تین پروازوں کے ذریعے دنیا بھر کے اہم مقامات سے جوڑتا ہے اور اس طرح یہ شہر ایمریٹس کے ایوی ایشن نیٹ ورک کا ایک لازمی حصہ بن چکا ہے۔ کراچی سے ایمریٹس کے مقبول ترین مقامات میں دبئی کے ساتھ ساتھ جدہ، مدینہ، ٹورنٹو، لندن، نیویارک، استنبول، ہوسٹن، کوالالمپور، میلبورن، مانچسٹر، اور شنگھائی شامل ہیں۔ اسی طرح، کراچی کے لیے اہم فیڈر مارکیٹس میں انہی شہروں کے علاوہ بینکاک، دمام اور سڈنی بھی شامل ہیں۔

ایمریٹس مختلف طبقوں کے مسافروں کی سفری ضروریات پوری کررہا ہے، جن میں کاروباری، سیاحتی اور غیر ملکی تعلیم کے لیے سفر کرنے والے طلبہ شامل ہیں۔ پریمیئم اکانومی کلاس ان مسافروں کیلئے ایک بہتر انتخاب ہے جو طویل سفر میں اضافی آرام اور سہولت کے خواہاں ہیں۔

ایمریٹس کے حالیہ کیبن، پریمیئم اکانومی کی جدید سہولیات

پریمیئم اکانومی سے آراستہ اپگریڈ شدہ بوئنگ 777 طیارہ ایمریٹس کی جدید ترین کیبن سہولیات پیش کرتا ہے، جودوران سفر مسافروں کے آرام کو ایک نئی جہت دیتا ہے۔ اس میں حسب ضرورت پیچھے جھکنے والی کشادہ چرمی سیٹیں، فٹ ریسٹ اور ایڈجسٹ ایبل ہیڈ ریسٹ شامل ہیں، جو سفر کو مزید آرام دہ بناتے ہیں۔ طیارے میں سیٹ کے ساتھ چارجنگ پورٹس، لکڑی کے ڈیزائن سے مزین سائیڈ ٹیبل، 13.3 انچ کی ایچ ڈی اسکرین، آرام دہ اور کشادہ تکیہ اور کمبل، سمیت دیگر پرتعیش سہولیات کے ساتھ ساتھ منتخب پروازوں پر اعزازی ایمنٹی کٹس بھی فراہم کی جاتی ہیں۔ پریمیئم اکانومی کے مسافروں کے لیے اعلیٰ معیار کی طعام کی سروس بھی پیش کی جاتی ہے، جس میں علاقائی ذائقوں پر مشتمل وسیع مینو اور مشروبات کی بڑی رینج شامل ہے، تاکہ مسافروں کو ایک پرلطف اور آرام دہ سفری تجربہ مہیا ہو سکے۔
مزید برآں، ایمریٹس کا معروف ان فلائٹ انٹرٹینمنٹ سسٹم "آئس" اب 6,500 سے زائد چینلز پر مشتمل ہے، جس کی پہلے سے بڑی اسکرین پر اردو زبان میں فلمیں، ٹی وی شوز اور موسیقی کا شاندار مجموعہ شامل ہے۔ 

کوئی تبصرے نہیں:
Write comments

مشہور اشاعتیں

گوگل اشتہار

تازہ ترین خبریں