اکتوبر 27, 2025

سال 2025 کے ابتدائی نو مہینوں میں 1 کروڑ 35 لاکھ سے زائد سیاحوں نے استنبول کا رخ کیا

استنبول، یورپ کا قلب، سیاحوں کی اولین پسندمیں شامل


کراچی : ایشیا اور یورپ کے سنگم پر واقع باسفورس کے کنارے آباد، استنبول اپنے تاریخی مقامات، رنگین ثقافت اور متنوع کھانوں کے امتزاج سے آج بھی دنیا بھر کے سیاحوں کی توجہ کا مرکز بنا ہوا ہے۔ سال 2025 کے ابتدائی نو مہینوں میں 1 کروڑ 35 لاکھ سے زائد سیاحوں نے استنبول کا رخ کیا، جبکہ معروف کنزیومر پلیٹ فارم Which? نے اسے یورپ کے سرفہرست پانچ شہروں میں شامل کیا ہے۔ اسی طرح، Condé Nast Travellerکے قارئین نے بھی اسے فیملیز کے لیے بہترین تفریحی مقامات میں سے ایک قرار دیا۔ خزاں کے موسم میں، استنبول کا لازوال حسن، ثقافت اور جدید سہولتوں کا حسین امتزاج پیش کرتا ہے۔

صدیوں پر محیط سلطنتوں کے زیرِ اثر، استنبول نے ہمیشہ تاریخ اور جدیدیت کا امتزاج برقرار رکھا ہے۔ یونیسکو کے عالمی ورثے میں شامل تاریخی جزیرہ نما آج بھی شہر کے شاندار ماضی کی جھلک پیش کرتا ہے، جہاں آیا صوفیہ، نیلی مسجد، باسیلیکا سیسٹرن اور توپ کاپی محل جیسے تاریخی مقامات دنیا بھر کے سیاحوں کی توجہ کو اپنی طرف متوجہ کرتے ہیں۔ اس کے قریب واقع، گرانڈ بازار اور اسپائس بازار صدیوں پرانی تجارت کی مہک اور رنگوں سے لبریز ہیں۔



اس تاریخی پس منظر کے ساتھ ساتھ آبنائے باسفورس کا نظارہ استنبول کی منفرد پہچان بن جاتا ہے، یہ دنیا کا واحد شہر ہے جو بیک وقت دو براعظموں پر پھیلا ہوا ہے۔ فیری پر سیر کے دوران محلات، مساجد اور پانی کے کنارے بنے خوبصورت مکانات کا نظارہ ایک ناقابلِ فراموش تجربہ بن جاتا ہے۔ دوسری جانب کاراکئے، گالاٹا پورٹ اور استقلال اسٹریٹ جیسے علاقے آرٹ، موسیقی اور کیفے کلچر سے گونجتے ہیں۔ استنبول ماڈرن، آرٹر اور اتاترک کلچرل سینٹر جیسے مقامات شہر کے فعال تخلیقی مزاج کو مزید اجاگر کرتے ہیں۔

اس موسم میں استنبول کا ثقافتی کیلنڈر رنگا رنگ تقریبات سے بھرا ہوا ہے۔ نمایاں ایونٹس میں ''دی آرٹ آف جیمز کیمرون'' نمائش (استنبول سنیما میوزیم)، جبکہ زورلو پی ایس ایم میں اسٹیو میک کری کی ''دی ہانٹڈ آئی'' فوٹو نمائش، استنبول بینالے، 29 واں تھیٹر فیسٹیول اور ارس الیکٹرونیکا شامل ہیں۔ سیاح یہاں کے مشہور ذائقوں سے بھی لطف اندوز ہو سکتے ہیں، چاہے وہ روایتی ترک ناشتہ ہو، گلی محلوں کی چہل پہل بھری اسٹریٹ فوڈ ہو یا مشلین ریستورانوں کا شاہانہ کھانا ہو۔ ماضی اور حال کے منفرد امتزاج کے ساتھ، استنبول آج بھی براعظموں کو جوڑنے اور دلوں کو مسحور کرنے والا شہر بنا ہوا ہے۔

استنبول کی خوبصورت تصاویر ملاحظہ اور ڈاؤن لوڈ کرنے کے لیے اس لنک پر کلک کریں۔

کوئی تبصرے نہیں:
Write comments

مشہور اشاعتیں

گوگل اشتہار

تازہ ترین خبریں