مارچ 10, 2026

پی ٹی ایم ایل( یو فون) نے پاکستان میں جدید ترین موبائل سروسز کے آغاز کے 5G اسپیکٹرم حاصل کر لیا

کراچی : ملک میں یوفون کے برانڈ کے تحت خدمات فراہم کرنے والی پاکستان ٹیلی کمیونی کیشن کمپنی لمیٹڈ (پی ٹی سی ایل) کی مکمل ملکیتی ذیلی کمپنی ، پاک ٹیلی کام موبائل لمیٹڈ (پی ٹی ایم ایل) نے اپنے ڈیجیٹل ٹیلی کام برانڈ' اونک' (onic) کے ہمراہ پاکستان ٹیلی کمیونی کیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کے زیر اہتمام اسلام آباد میں منعقدہ نیلامی میں کامیابی سے 5Gاسپیکٹرم حاصل کر لیا ہے۔ اسپیکٹرم کا حصول پی ٹی ایم ایل کو پاکستان میں سماجی و معاشی بااختیاری ، جدت طرازی اور جامع قومی ترقی کو فروغ دینے والی جدید ٹیکنالوجیز تک رسائی بڑھانے میں قائدانہ کردار ادا کرنے کے قابل بنائے گا۔
یہ سنگِ میل پاکستان کی ڈیجیٹل تبدیلی کے اگلے مرحلے کی جانب ایک اہم قدم ہے، جو تیز تر کنیکٹیویٹی، تیز رفتار انٹرنیٹ اور صارفین، کاروباری اداروں اور صنعتوں کے لیے بالکل نئے ڈیجیٹل تجربات کی راہ ہموار کرے گا۔

ضروری ریگولیٹری منظوریوں کے بعد پی ٹی ایم ایل کے ساتھ انضمام مکمل ہو نے کے بعد ٹیلی نار پاکستان بھی پی ٹی ایم ایل کا 5G اسپیکٹرم استعمال کرے گا۔ انضمام کی تکمیل کے بعد مشترکہ ادارہ حاصل کردہ اسپیکٹرم اور اپنے متحدہ نیٹ ورک کے ذریعے ملک بھر میں 7کروڑ سے زائد صارفین کو اعلیٰ معیار کی جدید ترین خدمات فراہم کرے گا۔

5G محض تیز رفتار موبائل انٹرنیٹ سے کہیں بڑھ کر ہے۔ یہ ڈیجیٹل صلاحیت کی ایک بالکل نئی جہت فراہم کرتا ہے جو پاکستان کی بڑھتی ہوئی ڈیجیٹل معیشت کی ضروریات کو پورا کرنے میں مدد دے گا۔

صارفین کے لیے 5G بغیر رکاوٹ الٹرا ہائی ڈیفی نیشن ویڈیو اسٹریمنگ، معیاری کلاؤڈ گیمنگ، آگمینٹڈ اور ورچوئل رئیلٹی کے تجربات، اور ڈیجیٹل خدمات و تفریح تک تیز تر رسائی ممکن بنائے گا۔


کاروباری افراد اور اداروں کے لیے 5G انقلابی صلاحیتوں کے حصول کے دروازے کھولے گا، جن میں اسمارٹ فیکٹریاں، کنکٹیڈ لاجسٹکس، اے آئی سے تقویت یافتہ تجزیات، اور انتہائی قابل اعتماد کلاؤڈ کنیکٹیویٹی شامل ہیں جو اہم آپریشنز میں معاونت کرتی ہے۔

صحت، تعلیم، زراعت اور عوامی خدمات کے شعبوں میں 5G فاصلاتی تشخیص، ورچوئل کلاس رومز، اسمارٹ فارمنگ ٹیکنالوجیز، اسمارٹ ٹریفک نظام، اور نیکسٹ جنریشن مالیاتی خدمات جیسی جدت انگیزی کو ممکن بنا سکتا ہے۔
5G اسپیکٹرم کا حصول پی ٹی ایم ایل کی جانب سے اپنے انفرادی اور کاروباری صارفین کے لیے ڈیجیٹل سروسز کے معیاراور رسائی میں بہتری لانے کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔

کمپنی اب 5G کی مرحلہ وار مگر تیز رفتار تنصیب کی تیاری کر رہی ہے، جس کا آغاز ترجیحاً بڑےشہروں سے کیا جائے گا اور اس کے بعد اسے بتدریج ملک کے دیگر علاقوں تک وسعت دی جائے گی۔ 5G سروسز کے ملک بھر میں پھیلاؤ کے ساتھ مضبوط کارکردگی اور اعلیٰ معیار کی خدمات کو یقینی بنانے کے لیے کمپنی نیٹ ورک کی توسیع اور سائٹس کی تعداد بڑھانے پر بھرپور توجہ دے گی۔

اس اہم سنگِ میل پر تبصرہ کرتے ہوئے پی ٹی سی ایل و یو فون کے صدر و سی ای او، حاتم بامطرف نے کہا، 5G ایک انقلابی پیش رفت کی نمائندگی کرتا ہے جو لوگوں، کاروباری اداروں اور معاشرے کے باہمی رابطوں اور جدت انگیزی کو ایک نئی جہت دے گا۔ یہ صرف تیز رفتار انٹرنیٹ نہیں، بلکہ بالکل نئے ڈیجیٹل تجربات اور معاشی مواقع کو ممکن بنانے کا وسیلہ ہے۔

ایک مضبوط اور مستقبل کے تقاضوں سے ہم آہنگ ڈیجیٹل انفراسٹرکچر کی تعمیر ہماری ترجیح ہے جو پاکستان کی تیزی سے ترقی کرتی ڈیجیٹل معیشت کو بڑھاوا دے سکے۔ 5G کے ذریعے صارفین زیادہ ذہین ڈیجیٹل خدمات کا تجربہ کریں گے، کاروباری اداروں کو بہتر پیداوار اور جدت کے لیے نئے طاقتور اوزار میسر آئیں گے، اور مختلف صنعتیں ایک ڈیجیٹل دنیا میں اپنے کام کرنے کے طریقوں کو ازسرِ نو تشکیل دے سکیں گی۔''

انہوں نے مزید کہا،''ہم ٹیلی نار پاکستان کے ساتھ انضمام کے بعد اپنے نیٹ ورکس اور صلاحیتوں کو یکجا کرکے بڑے پیمانے پر 5G کی تنصیب کے لیے ایک مضبوط پوزیشن میں ہوں گے۔ ہم لاکھوں صارفین تک جدید ڈیجیٹل خدمات پہنچا سکیں گےاور پاکستان کے کاروباری افراد، اداروں اور کمیونٹیز کو ڈیجیٹل معیشت میں بھرپور شرکت کے قابل بنائیں گے۔''

5G کی تنصیب حکومتِ پاکستان کے ڈیجیٹل پاکستان وژن کو آگے بڑھانے میں بھی اہم کردار ادا کرے گی، جس کا مقصد ملک کے ڈیجیٹل انفراسٹرکچر کو مضبوط بنانا، جدت انگیز ی کے عمل کو تیز کرنا اور جدید ڈیجیٹل خدمات تک رسائی کو وسعت دینا ہے۔
جدید کنیکٹیویٹی اور ڈیجیٹل ٹیکنالوجیز میں مسلسل سرمایہ کاری کے ذریعے پی ٹی سی ایل نے پاکستان کی طویل المدتی معاشی ترقی، تکنیکی پیش رفت اور ڈیجیٹل شمولیت میں بامعنی کردار ادا کرنے کا کے عزم کا اعادہ کیا ہے ۔
۔ختم شد۔

کوئی تبصرے نہیں:
Write comments

مشہور اشاعتیں

گوگل اشتہار

تازہ ترین خبریں