اسلام آباد : پاکستان کے سب سے بڑے ٹیلی کمیونی کیشن اور ڈیجیٹل سروسز ادارے، پی ٹی سی ایل گروپ (پی ٹی سی ایل اور یو فون4G) نے ٹی پی ایل انشورنس کے ساتھ شراکت داری قائم کی ہے جس کا مقصد ایک انقلابی مالی ضمانتی نظام متعارف کرانا ہے، جو مختلف صنعتوں اور اداروں میں ڈیجیٹل ٹولز، ہینڈ ہیلڈ ڈیوائسز اور انٹرنیٹ آف تھنگز (IoT) آلات کے استعمال کو فروغ دے سکے۔
اس انقلابی اشتراک کے تحت ادائیگی کے طریقہ کار میں سہولت کی فراہمی کے علاوہ چھوٹے بڑے کاروباری اداروں کے لیے ابتدائی سرمایہ کاری کی لاگت میں نمایاں کمی کی جائے گی، جس سے پی ٹی سی ایل گروپ کا ''ڈیوائس ایز اے سروس'' پورٹ فولیو بھی ترقی کی نئی بلندیوں کو چھوئے گا۔ پروگرام کے تحت پی ٹی سی ایل گروپ کی جانب سے اداروں کو فلیگ شپ فونز، ٹیبلیٹس، حسبِ ضرورت ہینڈ ہیلڈز، آئی او ٹی، ڈیجیٹائزیشن اور نیٹ ورکنگ آلات سمیت مختلف اقسام کی ڈیوائسز فراہم کی جائیں گی۔ ٹی پی ایل انشورنس کی منفرد کریڈٹ رسک مٹیگیشن سہولت کی بدولت گروپ آسان ادائیگیوں کے منصوبے فراہم کرے گا، تاکہ پاکستان کے بدلتے ہوئے کاروباری منظرنامے کو تکنیکی طور پر مستحکم کیا جا سکے۔
شراکت داری کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے گروپ چیف بزنس سلوشنز آفیسر، پی ٹی سی ایل و یو فون 4G، آصف احمد نے کہا، ''یہ شراکت داری پاکستان بھر میں کاروباری ترقی کے لیے جدید شراکت داریوں اور تعاون کے فروغ کے ہمارےعزم کی عکاسی کرتی ہے۔ ہم ٹی پی ایل انشورنس کے ساتھ مزید اسٹریٹجک اقدامات پر کام کرنے کے منتظر ہیں تاکہ ٹیکنالوجی تک رسائی اور مالی شمولیت کو مزید فروغ دیا جا سکے۔''
ٹی پی ایل انشورنس کے چیف ایگزیکٹو آفیسر، محمد امین الدین نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا، ''ہمیں پی ٹی سی ایل گروپ کے ساتھ شراکت داری پر خوشی ہے، جس کے ذریعے کاروباری اداروں کے لیے جدید فنانسنگ سہولیات متعارف کرائے جا سکیں گی۔ یہ ایک وسیع تر تعلق کی شروعات ہے اور ہمیں یقین ہے کہ ہم مل کر ایسی مزید راہیں کھول سکتے ہیں جو ڈیجیٹل اور معاشی ترقی کو فروغ دیں گی۔''
یہ شراکت پی ٹی سی ایل گروپ کی حکمتِ عملی کی ایک اہم کڑی ہے جس کا مقصد ادارہ جاتی سہولیات کی تیاری اور ٹیکنالوجی، جدت اور اسٹریٹجک شراکت داریوں کے ذریعے مالی شمولیت کو فروغ دینا ہے۔
کوئی تبصرے نہیں:
Write comments