اس اشتراک کا مقصد موبی لنک بینک کی 'دوست ایپ' اور فاطمہ فرٹیلائزر کے 'سرسبز پاکستان' پلیٹ فارم کے انضمام کے ذریعے زرعی سپلائی چین کو ڈیجیٹائز شکل دینا اور مالیاتی ٹیکنالوجی سے آراستہ سہولیات کی فراہمی ہے
کراچی : پاکستان کے سب سے بڑے ڈیجیٹل مائیکروفنانس ادارے، موبی لنک بینک اور زرعی شعبے میں قائدانہ کردار کی حامل کمپنی،فاطمہ فرٹیلائزر نے دیہی علاقوں میں موجود کسان برادری کو مالیاتی سہولیات کی فراہمی کے لیے اہم اشتراک کر لیا ہے۔ اس اشتراک کا مقصد موبی لنک بینک کی 'دوست ایپ' اور فاطمہ فرٹیلائزر کے 'سرسبز پاکستان' پلیٹ فارم کے انضمام کے ذریعے زرعی سپلائی چین کو ڈیجیٹائز شکل دینا اور مالیاتی ٹیکنالوجی سے آراستہ سہولیات کی فراہمی کے ساتھ ملک کی زرعی برادری کو اپنے پاؤں پر کھڑا کرنے میں مدد فراہم کرنا ہے۔
موبی لنک بینک اور فاطمہ فرٹیلائزر اپنے اپنے شعبوں میں نمایاں کردار ادا کر رہے ہیں، اور اس مشترکہ پروجیکٹ کے ذریعے وہ دیہی افراد کی زندگیوں میں بہتری، زرعی کاروبار کی ترقی اور مالی شمولیت کو فروغ دینا چاہتے ہیں۔یہ شراکت داری دیہی آمدن میں بڑی تبدیلی لانے کے مشترکہ عزم کے ساتھ ساتھ اپنے اپنے متعلقہ شعبوں میں جدت لانے والی دونوں کمپنیوں کو اکٹھا کرتی ہے۔ یہ اشتراک سماجی نقل و حرکت کو آگے بڑھانے کے لئے موبی لنک بینک کی جامع مالیاتی مصنوعات کو فاطمہ فرٹیلائزر کی گراس روٹ سطح پر مضبوط موجودگی سے فائدہ اٹھاتے ہوئے چھوٹے و درمیانی زرعی کاروبار (ایس ایم ایز) کے لئے نئے مواقع کھولے گا۔
اس معاہدے کے تحت کسانوں کو ڈیجیٹل بینکنگ کے ساتھ ساتھ ٹیوب ویل فنانسنگ، کھیتی باڑی کے سامان کیلئے قرضہ، پاس بک فنانسنگ سمیت موبی لنک بینک کی وسیع اقسام کی مالی سہولیات دستیاب ہوں گی جنہیں ''سرسبز پاکستان'' پلیٹ فارم اور ''دوست ایپ'' کے بلاتعطل انضمام کے ذریعے کسانوں تک پہنچایا جائے گا۔
اس کے ساتھ ساتھ، کسانوں کو مالیاتی شعور دینے کے لیے بھی اقدامات کیے جائیں گے، تاکہ وہ مالی طور پر بہتر فیصلے کر سکیں۔ یہ خدمات ڈیجیٹل طریقوں کے ساتھ ساتھ آن گراؤنڈ سرگرمیوں کے ذریعے بھی فراہم کی جائیں گی، جن میں موبی لنک بینک اور فاطمہ فرٹیلائزر کی طرف سے کسان برادری کے مشترکہ اجتماعات شامل ہیں جنہیں آگاہی پیدا کرنے، رہنمائی فراہم کرنے اور مالی ٹولز کو اپنانے کی حوصلہ افزائی کرنے کے لئے ڈیزائن کیا گیا ہے۔
موبی لنک بینک کے صدر اور سی ای او حارث محمود چوہدری نے کہا، ''زراعت پاکستان کی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے اور اس کی ترقی ہماری قومی خوشحالی کے لیے ناگزیر ہے۔ فاطمہ فرٹیلائزر کی سرسبز پاکستان ایپ کے ساتھ دوست ایپ کا یہ اہم ملاپ ڈیجیٹل جامع زرعی نظام کی تعمیر کی جانب ایک بڑا قدم ہے۔ زرعی سامان کے لئے فنانس تک رسائی کو آسان بنانے کے ساتھ،ہم نہ صرف قرضوں کو ڈیجیٹائز کر رہے ہیں بلکہ کسانوں کو بااختیار بناتے ہوئے دیہی معیشتوں کو مضبوط بنا رہے ہیں۔''
فاطمہ فرٹیلائزر کمپنی لمیٹڈ کے چیف آپریٹنگ آفیسر اسد مراد نے کہا، ''فاطمہ فرٹیلائزر جدت، باسہولت رسائی اور اشتراک کے ذریعے کسانوں کی زندگیوں کو بہتر بنانے کے لیے پرعزم ہے۔ موبی لنک بینک کے ساتھ ہماری شراکت داری مالی شمولیت اور زرعی نظام کو مضبوط بنانے کے مشترکہ وژن کی عکاسی کرتی ہے۔ اپنے سرسبز پاکستان پلیٹ فارم کے ساتھ ڈیجیٹل فنانس کو ضم کرکے ہم نہ صرف زرعی سامان کی فنانسنگ میں اہم خلا کو بھر رہے ہیں بلکہ دیہی طبقے میں طویل مدتی سماجی و اقتصادی ترقی کو بھی ممکن بنا رہے ہیں۔''
موبی لنک بینک اور فاطمہ فرٹیلائزر کی اس مشترکہ کاوش کو سروس ڈیلوری کی سطح سے آگے بڑھایا جائے گا۔ یہ اشتراک دیہی کاروبار، کھیتی باڑی کی تعلیم اور ڈیجیٹل رسائی کے ذریعے مالی شمولیت کے وسیع تر اہداف کی طرف بھی اہم پیش رفت ثابت ہوگا۔ اس شراکت داری سے نہ صرف کسانوں کو فائدہ پہنچے گا بلکہ پاکستان کی زرعی معیشت کو بھی فروغ ملے گا۔
کوئی تبصرے نہیں:
Write comments